لبنان پر صہیونی جارحیت پر اقوام متحدہ کی خاموشی شرمناک ہے، ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لبنانی شہری شہید اور زخمی ہوئے جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کا دائرہ تاریخی شہروں صور، نبطیہ اور صیدا تک پھیل چکا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی نے صہیونی حکومت کو مزید جارحیت پر ابھارا ہے۔

انہوں نے امریکہ کو بھی اسرائیلی اقدامات کا شریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن لبنان، فلسطین اور پورے خطے میں ہونے والے جرائم میں صہیونی حکومت کا مکمل حامی اور معاون ہے۔

ایرانی ترجمان نے العالم نیوز نیٹ ورک کے سینئر صحافی حسام زیدان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ، میڈیا ادارے اور عالمی صحافتی برادری سے تعزیت کی اور کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران فلسطین اور لبنان میں 300 سے زائد صحافی اسرائیلی حملوں میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جس پر عالمی برادری کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

اسماعیل بقائی نے لبنانی عوام کے صبر، استقامت اور مزاحمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران لبنان کی خودمختاری، عزت اور آزادی کے دفاع میں مکمل یکجہتی کے ساتھ اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

Scroll to Top