وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی مجلس عاملہ کا اجلاس حوزہ علمیہ جامعة المنتظر لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر سے ملحقہ اسلامی تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کو وفاق المدارس الشیعہ کا آئندہ پانچ سال کے لئے بلا مقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا۔
چیئرمین الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ سید محمد تقی نقوی کی نیابت میں علامہ شبیر حسن میثمی نے انجام دیئے۔ حافظ سیدریاض حسین نجفی کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہ کروائے، اراکین مجلس عاملہ نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر اور ہاتھ بلند کر کے انتخاب کی رسمی منظوری دی۔
اجلاس میں گزشتہ پانچ سالہ کارکردگی رپورٹ سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے پیش کی، امتحانات کے حوالے سے رپورٹ مولانا محمد تحسین، مدارس کے دورہ جات کی رپورٹ ڈاکٹر سید محمد نجفی جبکہ اسناد کی معادلہ سازی اور متعلقہ امور کی رپورٹ اور دفتر سے متعلقہ امور کے بارے سوالات کے جوابات مولانا لعل حسین خان توحیدی نے دیئے۔
نو منتخب صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے خطاب کرتے ہوئے مدارس دینیہ کے مدیران کو تعلیمات قرآن اور نمازباجماعت عام کرنے کی تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کے تناسب سے اہل تشیع کے مدارس اور طلاب کی تعداد بہت کم ہے، اس تعداد کو بڑھانے کے لیے علمائے کرام کو اپنے حلقہ احباب اور آبادیوں میں محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس میں ایسے مدرسین رکھے جائیں جن کی درس و تدریس کے علاوہ باقی مصروفیات کم ہوں چونکہ دیکھا گیا ہے کہ جن مدیران اور مدرسین کی دیگر مصروفیات ہوتی ہیں، وہ بچوں کو زیادہ وقت نہیں دے سکتے۔
انہوں نے زور دیا کہ قرآن مجید اور نماز باجماعت کی طرف اپنے بچوں اور عوام کو متوجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ رئیس الوفاق المدارس الشیعہ نے برصغیر میں شیعہ مدارس کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ پاکستان کے علاقے میں شیعہ کے پہلے مدرسہ باب العلوم ملتان کی بنیاد 1932ء میں رکھی گئی، پھر قیام پاکستان کے بعد 1949ء میں متعدد مدارس دینیہ تشکیل دیئے گئے۔ حوزہ علمیہ جامعة المنتظر کی تاسیس 1954 میں ہوئی۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی مجلس اعلیٰ کے رکن قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے حافظ سید ریاض حسین نجفی کے انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ حافظ ریاض حسین نجفی کو متفقہ طور پر صدر منتخب کیا گیا ہے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے مدارس دینیہ کے مدیران و مدرسین، مرکزی کابینہ اور مجلس اعلیٰ کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے موقع پر بزرگ عالم دین علامہ ملک اعجاز حسین نجفی، علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ سید مرید حسین نقوی، علامہ عبدالمجید بہشتی، علامہ شیخ محمد شفا نجفی، علامہ محمد اسحاق نجفی، علامہ محسن مھدوی، علامہ اکبر زاہدی، علامہ سید صادق نقوی، علامہ خورشید انور جوادی، علامہ شیخ حسن سروری، علامہ رمضان توقیر، علامہ سید اسد اقبال زیدی، علامہ اشتیاق کاظمی، علامہ محمد جواد حافظی، علامہ شیخ محمد طہ شریفی، علامہ مشتاق حسین مشہدی، علامہ کرم علی حیدری، علامہ ڈاکٹر سید محمد نجفی اور دیگر شریک ہوئے۔