وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک سعودی تعلقات، داخلی سکیورٹی تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،سعودی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کو فریضہ حج کی ادائیگی پر بھی مبارکباد پیش کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان داخلی سکیورٹی اور پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو سعودی عرب میں خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی وزارت داخلہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حج کے دوران سعودی حکومت کے مثالی انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاکھوں حجاج کرام کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنا سعودی حکومت کی قابلِ تحسین کاوش ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے امور پر بھی گفتگو کی۔ سعودی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔