امریکا کے لیے ایران سے جنگ کرنا ممکن نہیں، معاہدہ کرنا ہوگا : لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا کیلیے دوبارہ جنگ کرنا ممکن نہیں، اسے ایران سے معاہدہ کرنا ہوگا، ایران کی دفاعی پوزیشن بہت مضبوط ہے، جبکہ امریکہ مشرق وسطیٰ میں آکر پھنس گیا ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حکمران طبقوں نے ہمیشہ ملک کیلیے اچھے امکانات کو ضائع کیا ہے، حکومت نے موجودہ پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کرکے عوام کے ساتھ مذاق کیا ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ پیٹرول ڈیزل کی قیمت 250 روپے فی لٹر ہونی چاہیئے، عید کے موقع پر عوام کی ونڈو شاپنگ قوت خرید عملاً ختم ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ عوام کو جھوٹی تسلیاں دے رہا ہے، توانائی بحران قومی معیشت کیلئے موت کا پروانہ بن گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران پر دوبارہ جنگ مسلط کی گئی تو اس بار اسرائیل صفحہ ہستی پر موجود نہیں رہے گا۔ ایران علاقے میں امن کے قیام کی پوری تیاری کر چکا ہے اور مشرق وسطیٰ کے امن کی راہ میں صرف ناجائز ریاست اسرائیل رکاوٹ ہے۔

Scroll to Top