امریکہ نے لاطینی امریکہ میں اپنی فوجی سرگرمیوں کو بڑھاتے ہوئے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس فورڈ جیرالڈ اور اس کے ہمراہ پانچ تباہ کن جنگی جہازوں پر مشتمل اسٹرائیک گروپ کو خطے کی جانب روانہ کیا جارہا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان شین پارنیل نے تصدیق کی کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگسٹ نے یو ایس جیرالڈ فورڈ اور اس کے اسٹرائیک گروپ کو جنوبی کمان کے علاقے میں تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد امریکہ کے داخلی تحفظ اور مغربی نصف کرہ میں سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے غیر قانونی سرگرمیوں کی نگرانی اور روک تھام کی صلاحیت کو بڑھانا ہے تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ تعیناتی محض منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی سے کہیں زیادہ طاقت کا مظاہرہ ہے اور یہ اقدام وینزویلا کے خلاف امریکہ کے سخت مؤقف کی عکاسی کرتا ہے جو طویل عرصے سے واشنگٹن کی تنقید کا نشانہ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، امریکہ پہلے ہی خطے میں آٹھ جنگی جہازوں پر 6,000 سے زائد سیلرز اور میرینز تعینات کرچکا ہے جنہیں اب پانچ تباہ کن جہازوں اور 4,500 اضافی اہلکاروں کی مدد حاصل ہوگی۔
مذکورہ طیارہ بردار جہاز اس وقت بحیرہ روم میں موجود ہے تاہم اس کی لاطینی امریکہ آمد کی حتمی تاریخ واضح نہیں کی گئی۔