نیویارک شہر میں میئر کے انتخاب کا فیصلہ کن مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔
قبل از وقت ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب تقریباً 50 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز منگل کے روز شہر کے اگلے رہنما کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔
نیویارک سٹی بورڈ آف الیکشنز کے مطابق گزشتہ 9 دنوں میں 734,317 افراد نے قبل از وقت ووٹ کاسٹ کیے، جو 2021 کے میئر کے انتخابات کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہیں۔
تازہ ترین ریئل کلیئر پولیٹکس کے اوسط نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی 45.8 فیصد حمایت کے ساتھ اپنے حریف اینڈریو کومو سے 3 سے 25 پوائنٹس تک آگے ہیں۔
نیویارک میں میئر کے انتخابات ہر 4 سال بعد ہوتے ہیں، اور کوئی بھی فرد زیادہ سے زیادہ 2 بار منتخب ہو سکتا ہے۔
اس سال کا الیکشن منفرد ہے کیونکہ اس میں ترقی پسند، روایتی اور قدامت پسند تینوں سیاسی قوتیں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہیں۔
فروری 2025 تک نیویارک سٹی میں 51 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز تھے، جن میں 65 فیصد ڈیموکریٹس اور 11 فیصد ریپبلکن شامل ہیں۔ تقریباً 11 لاکھ ووٹرز کسی پارٹی سے وابستہ نہیں۔ ووٹر رجسٹریشن 25 اکتوبر کو بند کر دی گئی تھی۔
گزشتہ میئر کے انتخابات میں تقریباً 11 لاکھ ووٹرز نے ووٹ ڈالے تھے، جو کل رجسٹرڈ ووٹرز کا صرف 21 فیصد بنتے ہیں۔