قم المقدسہ میں پہلی عظیم الشان بین الاقوامی الصدیقہ الشہیدہ کانفرنس منعقد ہوگی

 اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہر قم میں بقیۃ اللہ اسلامک انسٹی ٹیوٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں پہلی عظیم الشان الصدیقہ الشھیدہ بین الاقوامی کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں ہئیت امنا اور گورننگ باڈی کے مسلسل جلسات کے بعد کانفرنس کی تاریخ، مقام اور وقت معین کیا گیا۔ شرکاء نے کانفرنس کی تشہیری مہم شروع کرنے پر تاکید کرتے ہوئے قم المقدسہ کی تمام ثقافتی تنظیموں، موسسہ ہائے علمیہ، مدارس اور اہم شخصیات سے ملاقات اور انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا۔

پہلی عظیم الشان الصدیقہ الشہیدہ کانفرنس 20 نومبر 2025 کو مجتمع عالی امام خمینی (رح) کے القدس کانفرنس ہال میں منعقد کی جارہی ہے، جس میں اہم علمی شخصیات کا خطاب، مقابلہ ہائے مقالہ جات اور شعر نویسی میں کامیاب ہونیوالے افراد میں تقسیم انعامات، اور مقاومتی محاذ کی اہم بین الاقوامی شخصیات کے اہل خانہ کی قدر دانی کی جائے گی۔ اس کانفرنس میں قم المقدسہ کے طلاب اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کریں گے، جبکہ مہمانوں اور زائرین کی سہولت کے لئے شہر بھر سے بسوں کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

بقیۃ اللہ اسلامک انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق بارگاه کریمه اهلبیت ع شهر مقدس قم میں، دختر پیغمبر، محافظ رسالت، مدافع ولایت، مربی امامت آغاز گر مقاومت فاطمی حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومانہ شہادت کی مناسبت سے مقاومت فاطمی (س) مدینہ سے بیت المقدس تک، کے عنوان سے منعقد ہونیوالی بین الاقوامی کانفرنس میں ترانہ جات، محفل مسالمہ اور تحقیقی مقالے پیش کیے جاییں گے۔

Scroll to Top