انصار اللہ یمن نے آرمی چیف میجر جنرل محمد الغماری کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے صہیونی حکومت کو انتقام کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر جنرل محمد الغماری دشمن اسرائیل کے خلاف ایک باعزت جنگ میں شہید ہوئے، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
انصار اللہ کے بیان کے مطابق میجر جنرل محمد الغماری اپنے چند ’ساتھیوں‘ اور اپنے 13 سالہ بیٹے کے ساتھ شہید ہوئے، تاہم حملے کی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دشمن کے ساتھ تصادم کے ادوار ختم نہیں ہوئے، اور صہیونی دشمن کو اپنے کیے گئے جرائم کی بازپرس اور سزا ملے گی‘۔
انصار اللہ یمن نے براہِ راست اسرائیل پر محمد الغماری کی شہادت کا الزام نہیں لگایا، لیکن کہا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ ختم نہیں ہوئی اور وہ ’اپنے جرائم کی سخت سزا‘ پائے گا۔
واضح رہے گزشتہ اگست میں اسرائیل نے صنعا میں فضائی حملوں کے دوران حوثی گروپ کے چیف آف اسٹاف، وزیرِ دفاع اور وزیرِاعظم کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، اس وقت اسرائیل نے کہا تھا کہ حملے کا ہدف محمد الغماری سمیت دیگر سینئر اہلکار تھے۔