اورکزئی آپریشن میں لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 جوان شہید، 19 خوارج ہلاک

اسلام247: خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت سمیت 11 جوان شہید ہوگئے، جبکہ 19 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب کی گئی، جس میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کے بہادر افسران نے دشمن کے سامنے دلیری سے قیادت کی اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 شہید افسران اور جوانوں کی فہرست

جھڑپ کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف (39 سالہ، ضلع راولپنڈی) اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت (33 سالہ، ضلع راولپنڈی) بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔

شہید ہونے والے دیگر 9 جوانوں میں شامل ہیں

نائیک صوبیدار اعظم گل (38 سالہ، ضلع خیبر)

نائیک عادل حسین (35 سالہ، ضلع کرم)

نائیک گل عامر (34 سالہ، ضلع ٹانک)

لانس نائیک شیر خان (31 سالہ، ضلع مردان)

لانس نائیک تالش فراز (32 سالہ، ضلع مانسہرہ)

لانس نائیک ارشد حسین (32 سالہ، ضلع کرم)

سپاہی طفیل خان (28 سالہ، ضلع مالاکنڈ)

سپاہی عاقب علی (23 سالہ، ضلع صوابی)

سپاہی محمد زاہد (24 سالہ، ضلع ٹانک)

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیننگ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہ ملے۔

 قوم اپنے شہیدوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں،
“ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔”

 وزیراعظم، وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر پنجاب کا خراج عقیدت

وزیراعظم شہباز شریف نے شہید افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ

> “ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہم بھارت حمایت یافتہ دہشت گردوں کے شیطانی منصوبے ناکام بنائیں گے۔”

انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار اور زخمی خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ

> “قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، یہ شہادتیں پاکستان کے دفاع کی ضمانت ہیں۔”

گورنر پنجاب سلیم حیدر نے بھی شہید افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ

> “سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، شہیدوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔”

 پس منظر: فتنۃ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز

خیبرپختونخوا میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔

ستائیس(27) ستمبر کو ضلع کرک میں کارروائی کے دوران 17 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
جبکہ 9 اور 10 ستمبر کو شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں آپریشنز کے دوران 19 دہشت گردوں کو واصلِ جہنم کیا گیا تھا۔

قوم کا پیغام

پاکستانی قوم اپنے شہید بیٹوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
ان کی بہادری، حب الوطنی اور عزم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سرخرو رہے گا۔

Scroll to Top