اسلام247 : ایرانی وزارتِ خارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کو دہشت گردانہ اقدام قرار دیا
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر صہیونی رژیم کے حملے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور دہشت گردانہ اقدام قرار دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں سرگرم انسانی ہمدردی رکھنے والے گروپوں کے خلاف ہے بلکہ غزہ کے محاصرے کو توڑنے کی کوششوں پر بھی حملہ ہے۔ انہوں نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی رژیم کی یہ کارروائی غیر قانونی اور غیر انسانی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کا صمود فلوٹیلا پر حملہ، گریٹا تھنبرگ اور مشتاق احمد سمیت 200 کارکن گرفتار +ویڈیو
اسماعیل بقائی نے کہا کہ مختلف ممالک کے عوامی اور انسانی حقوق کے سرگرم گروہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور غزہ کے ظالمانہ محاصرے کو توڑنے کی کوشش کی، جس پر صہیونی رژیم کا یہ جارحانہ ردعمل بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صمود کاروان پر حملہ اور اس کے شرکاء کی گرفتاریاں بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور عالمی برادری پر لازم ہے کہ فوری طور پر اس کے خلاف اقدامات اٹھائے۔