اسلام247 : الجزیرہ اور انصاراللہ یمن سے وابستہ میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ صہیونی حکومت کی صنعاء پر جارحیت میں ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 2 افراد شہید اور کم از کم 48 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، صہیونی حکومت نے صنعاء کے معین علاقے میں شارع الرقاص کے ایک رہائشی محلے کو نشانہ بنایا۔ اسی طرح صنعاء میں ذہبان بجلی گھر اور حدہ علاقے کے ایک رہائشی محلے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ صہیونی حکومت نے السبعین ضلع کے النہدین علاقے کو بھی متعدد فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔
صہیونی فوجی ریڈیو نے دعویٰ کیا ہے کہ آج صنعاء پر حملے میں اس حکومت کی فضائیہ نے 65 سے زیادہ میزائل استعمال کیے، جو یمن پر ایک فضائی حملے میں استعمال ہونے والے سب سے زیادہ ہتھیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یمنی سربراہ حزام الاسد کا پیغام — پورا اسرائیل غیر محفوظ، ام الرشراش بندرگاہ پر بھی حملہ
صہیونی حکومت کے چینل 14 ٹی وی نے بھی رپورٹ دی کہ اس حملے میں 20 جنگی طیارے شریک تھے۔
چینل 12 نے ایک سینئر سکیورٹی اہلکار کے حوالے سے اعلان کیا کہ: فوج اپنے حملوں کی رفتار کو حوثیوں کے خلاف بڑھائے گی، ان کے بار بار حملوں کا پوری قوت سے جواب دے گی اور جلد ہی اس گروہ کے خلاف مزید جارحانہ کارروائیاں کرے گی۔
ایک اور خبر میں، صہیونی حکومت کے دفترِ وزیرِاعظم نے اعلان کیا کہ بنیامین نیتن یاہو نے نیویارک جاتے ہوئے اپنے طیارے سے صنعاء پر حملے کا حکم دیا۔