ایران اور قطر نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے پیش نظر نہتے فلسطینی عوام کے لیے فوری اور مؤثر امداد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ٹیلیفونک گفتگو کرکے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا اور امدادی کوششوں کی فوری ضرورت پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی برادری اور اسلامی و عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی محاصرے کو ختم کرنے، غذائی و طبی امداد کی راہ ہموار کرنے اور نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
وزیر خارجہ ایران نے اس موقع پر OIC کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو ایک متحدہ موقف کے ساتھ سامنے آنا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری اسرائیل کی جارحیت اور جنگی جرائم پر خاموش نہ رہے بلکہ صہیونی مجرموں کو انسانیت کے خلاف جرائم پر عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔