اسرائیل کا ایران کے ’جوہری پروگرام اور فوجی اہداف پر‘ متعدد حملے کرنے کا اعلان،

اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کے دل کو نشانہ بنایا ہے: بنیامن نتن یاہو

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے حملے نے ’ایران کے جوہری پروگرام کے دل کو نشانہ بنایا ہے۔‘

نتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی شہر نطنز میں ایران کی مرکزی جوہری افزودگی کے سینٹر کو نشانہ بنایا ہے جو ایران کے دارالحکومت سے 225 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

خیال رہے کہ سنہ 2021 میں ایران نے اسرائیل پر اسی مرکز میں سائبر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

نتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے سائنسدانوں کو نشانہ بنایا ہے جو ایرانی ایٹمی بم پر کام کر رہے تھے۔

نتن یاہو نے کہا کہ یہ حملے اتنے دن تک جاری رہیں گے جتنے دن تک ہمیں اہداف پورے نہیں کر لیتے۔‘

اسرائیل نے تہران میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا: ایران کے سرکاری میڈیا کا دعویٰ

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے تہران اور دیگر شہروں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

امریکہ کا اسرائیل کے حملوں میں کوئی کردار نہیں ہے: امریکی وزیرِ خارجہ

امریکی وزیرِ خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کیے جانے کے اعلان کے بعد کہا ہے کہ امریکہ کا اسرائیل کے ان حملوں میں کوئی کردار نہیں ہے۔

ان کی جانب سے سامنے آنے والے بیان کے مطابق ’آج رات اسرائیل نے ایران پر یکطرفہ کارروائی کی ہے۔ ہمارا ایران کے خلاف حملوں میں کوئی کردار نہیں ہے اور ہماری اویلین ترجیح خطے میں امریکی افواج کی حفاظت ہے۔ اسرائیل نے ہمیں بتایا تھا کہ یہ کارروائی ان کے دفاع کے لیے ضروری ہے۔ صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے اپنی افواج کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں اور وہ خطے میں اپنے شراکت داروں سے رابطے میں ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ: ایران کو امریکی مفادات یا فوجیوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔‘

اسرائیل نے ایران کے ’جوہری پروگرام‘ پر متعدد حملے کر دیے، ایران کے مختلف شہروں میں دھماکوں کی آوازیں

اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر ‘پیشگی حملے‘ کیے ہیں اور اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

ان کی جانب سے کیے گئے اعلان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انھیں ان حملوں کے بعد اسرائیل اور اس کے عام شہریوں پر مستقبل قریب میں میزائل اور ڈرون حملے کیے جانے کی توقع ہے۔

ایک اسرائیلی فوجی اہلکار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے متعدد حملے اس کے ’جوہری پروگرام اور دیگر عسکری اہداف پر ہیں۔‘

اہلکار کا کہنا ہے کہ اس میں ملک کے مختلف حصوں میں درجنوں حملے شامل ہیں۔ اہلکار کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے دور تک مار کرنے والے میزائلوں اور جوہری پروگرام سے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

بی بی سی کے امریکہ میں شراکت دار سی بی ایس نیوز نے متعدد سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ امریکی حکام کو بدھ کو اسرائیل کی جانب سے آگاہ کر دیا گیا تھا کہ وہ ایران پر حملے کرنے جا رہا ہے۔

بی بی سی فارسی کے مطابق ایران کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

Scroll to Top