بھارت: ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ سے اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ، 120 مسافر ہلاک

بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 120 مسافر ہلاک ہوگئے، شہری آبادی پر طیارہ گرنے کے بعد کئی زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی، انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا، ہندوستان ٹائمز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 120 مسافر ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے، طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق بھارت کے وفاقی وزیر صحت نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں ’بہت سے افراد‘ ہلاک ہو گئے ہیں، جب کہ ریسکیو نے 30 لاشیں نکال لی ہیں، تاہم درجنوں افراد اب بھی اس عمارت میں موجود ہیں، جس سے طیارہ ٹکراکر تباہ ہوا، کئی زخمی زیر علاج ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں 242 افراد سوار تھے جن میں 217 بالغ اور 11 بچے تھے، ایئر انڈیا کے مطابق ان میں سے 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، 7 پرتگالی، اور ایک کینیڈین تھا، مسافروں میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی شامل ہیں۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

طیارے کی کمانڈ کیپٹن سمیت سبھروال کے پاس تھی

بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کے مطابق طیارے کی کمانڈ کیپٹن سمیت سبھروال کے پاس تھی، طیارہ کیپٹن سمیت سبھروال اور فرسٹ آفیسر کلائیو کنڈر کے ساتھ پرواز کر رہا تھا، کیپٹن سمیت سبھروال لیفٹ سیٹ ٹریننگ کیپٹن (ایل ٹی سی) ہیں، اور ان کے پاس 8 ہزار 200 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ ہے۔

کوپائلٹ کے پاس ایک ہزار 100 گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ تھا، ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کے مطابق طیارہ احمد آباد کے رن وے سے روانہ ہوا تھا، اس نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایک ’مے ڈے‘ کال دی، لیکن اس کے بعد اے ٹی سی کی طرف سے کی جانے والی کالز کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

ڈی جی سی اے کے ذرائع کے مطابق روانگی کے فوراً بعد طیارہ ہوائی اڈے کی حدود سے باہر زمین پر گر گیا، حادثے کی جگہ سے گھنا سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایئرانڈیا کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی آبادی کے قریب گرا، ہلاکتوں کا خدشہ ہے، تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی تفصیلات منظر عام پر آئیں گی۔

’دی ہندو‘ کے مطابق ایئر انڈیا کا ایک طیارہ جمعرات کے روز سردار ولبھ بھائی پٹیل احمد آباد ایئرپورٹ پر ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، گجرات اسٹیٹ پولیس کنٹرول روم نے اطلاع دی ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز AI 171 لندن کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔

طیارہ ہاسٹل سے ٹکرانے پر میڈیکل کے کئی طلبہ زخمی

ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 میڈیکل کالج کے ہاسٹل سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ بھی زخمی ہوگئے۔

’دی ہندو‘ کے مطابق ریاستی میڈیکل ایسوسی ایشن کی رپورٹس کے مطابق طیارہ سیدھا بی جے میڈیکل کالج کے انڈرگریجویٹ ہاسٹل کے میس سے ٹکرا گیا، جو میگھانی نگر میں واقع ہے۔

آل انڈیا میڈیکل ایسوسی ایشنز کی فیڈریشن (ایف اے آئی ایم اے ) کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ہاسٹل کے میس میں طلبہ موجود تھے، فیڈریشن کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں طیارے کا ایک حصہ ہاسٹل کی عمارت میں پھنسا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ریاستی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی سرکاری تصدیق موصول نہیں ہوئی ہے کہ حادثے میں کتنے طلبہ اور میڈیکل کالج کے عملے کے افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بوئنگ کے شیئر 6.8 فیصد گر گئے

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ طیارہ برطانیہ کے گیٹ وِک ایئرپورٹ جا رہا تھا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے تقریباً 70سے 80 فیصد علاقہ صاف کر لیا ہے اور جلد ہی باقی علاقہ بھی صاف کر لیں گے۔

ایئر انڈیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ ہم اس وقت تفصیلات معلوم کر رہے ہیں اور جلد مزید معلومات فراہم کریں گے، زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

بوئنگ نے کہا کہ اسے ابتدائی رپورٹس کا علم ہے اور وہ مزید معلومات اکٹھی کرنے پر کام کر رہا ہے، بوئنگ (بی اے این) کے شیئرز پری مارکیٹ میں 6.8 فیصد گر کر 199.13 ڈالر کی سطح پر آ گئے۔

احمد آباد ایئرپورٹ پروازوں کیلئے بند کردیا گیا

بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پر تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

ہوائی اڈے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایئرانڈیا کے طیارے کے حادثے کے نتیجے میں سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈہ اس وقت فعال نہیں ہے، تمام پروازوں کی آمد و رفت تا حکم ثانی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

امیت شاہ کی صوبائی حکومت کو تعاون کی یقین دہانی

مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ، وزیر داخلہ اور پولیس کمشنر سے اس حادثے کے بارے میں بات کی ہے، انہوں نے مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

پروازوں کی ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کی جانب سے ’ ایکس’ پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایئر انڈیا کی پرواز AI171 کے احمد آباد سے لندن جاتے ہوئے حادثے کی اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں، ہمیں طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا تھا، جو ٹیک آف کے چند سیکنڈ بعد کا تھا۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 8-787 ڈریم لائنر تھا، جس کا رجسٹریشن نمبر VT-ANB ہے، یہ انتہائی جدید طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔

برطانوی شاہ چارلس کو حادثے سے آگاہ کر دیا گیا

برطانوی بادشاہ کے شاہی محل کے ترجمان نے کہا ہے کہ شاہ چارلس کو ایئرانڈیا کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، پرواز میں 53 برطانوی مسافر بھی سوار تھے، دوسری جانب برطانوی وزیراعظم کو بھی حکام نے حادثے کی دستیاب تفصیلات کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

برطانوی حکام کے مطابق شاہ چارلس اور برطانوی وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر نے ایئرانڈیا کی لندن کے لیے روانہ ہونے والی پرواز کو حادثے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی وزیر شہری ہوابازی کا اظہار افسوس

بھارت میں شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد میں پرواز کے حادثے کے بارے میں جان کر شدید صدمہ اور افسوس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پوری طرح الرٹ پر ہیں، میں خود صورت حال کی نگرانی کر رہا ہوں، تمام ہوا بازی اور ہنگامی ردعمل کی ایجنسیوں کو فوری اور مربوط کارروائی کی ہدایت دی ہے، ریسکیو ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا ہے، اور طبی امداد و ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔

رام موہن نائیڈو نے کہا کہ میری دعائیں اور نیک تمنائیں تمام متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

نریندر مودی کا ہوابازی کے وزیر سے رابطہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو کو فون کیا۔

شہری ہوابازی کے وزیر احمد آباد روانہ ہو گئے ہیں تاکہ موقع پر امدادی کارروائیوں اور بچاؤ کے کام کی نگرانی کر سکیں۔

وزارت شہری ہوابازی کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے ہدایت دی ہے کہ تمام ضروری امداد فوری طور پر فراہم کی جائے اور صورت حال سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے، تمام متعلقہ ایجنسیاں ہائی الرٹ پر رہیں اور مربوط کوششیں جاری ہیں۔

گجرات کے وزیراعلیٰ کی امدادی کارروائیوں کی ہدایت

گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے بعد امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ میں احمد آباد میں ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں، حکام کو ہدایت دی ہے کہ حادثے کے مقام پر فوری طور پر بچاؤ اور امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں اور زخمی مسافروں کے فوری علاج کے لیے جنگی بنیادوں پر انتظامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے گرین کوریڈور بنانے اور اسپتال میں علاج کی تمام سہولتوں کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ہے۔

بھوپندر پٹیل نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی مجھ سے بات کی ہے اور طیارہ حادثے میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے این ڈی آر ایف ٹیموں اور مرکزی حکومت کی مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

راہول گاندھی کا طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے احمد آباد میں ایئرانڈیا کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کانگریس کے ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ حادثے میں ریلیف سرگرمیوں کے لیے جو کچھ کرسکتے ہیں، ضرور کریں۔

Scroll to Top