ہم ایران کیساتھ مضبوط باہمی تعلقات کے خواہاں ہیں، لبنان

خطے کے دورے اپنے پر بیروت میں موجود ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج لبنانی صدر جوزف عون کے ساتھ ملاقات و گفتگو کی ہے۔ عرب خبررساں ایجنسی النشرہ کے مطابق اس ملاقات میں جوزف عون کا کہنا تھا کہ لبنان، ایران کے ساتھ مضبوط باہمی تعلقات کا خواہاں ہے۔ لبنانی صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی بات چیت اختلافات کو حل کرنے کا اصلی راستہ ہے، اور بین الاقوامی میدان میں مسائل کو بات چیت کے ذریعے اور تشدد سے دور رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیئے۔ جوزف عون نے قابض اسرائیلی رژیم کے ساتھ جنگ ​​میں تباہ ہو جانے والے علاقوں کی تعمیر نو کی ضرورت کی جانب بھی اشارہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت نے دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون و موجود قوانین کی بنیاد پر، اس مسئلے کو اولین ترجیح دے رکھی ہے۔

واضح رہے کہ سید عباس عراقچی آج صبح بیروت پہنچے جہاں انہوں نے لبنانی وزیر خارجہ یوسف رجی سمیت اعلی لبنانی حکام کے ساتھ بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔

Scroll to Top