مخیم الشاطئ پر اسرائیلی بمباری سے 3 فلسطینی شہید؛ مواسی میں خاتون، بریج میں بچہ بھی شہید، جنگ بندی کے بعد شہداء 1,602

غزہ میں ایک فلسطینی خاتون کفن میں لپٹی میت کے پاس

اسلام 24/7 : اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعرات کی شام غزہ شہر کے مغرب میں واقع مخیم الشاطئ پر بمباری کی، جس میں تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ طیاروں نے کیمپ میں ‘میدان الشہداء’ کے قریب فلسطینیوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا۔

‘وفا’ نے طبی ذرائع کے حوالے سے یہ بھی بتایا کہ جمعرات ہی کو خان یونس کے علاقے المواسی میں اسرائیلی قابض افواج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی خاتون شہید ہوئی، جبکہ وسطی غزہ کے مخیم البریج میں اسرائیلی فوج کی گولی لگنے سے ایک بچہ شہید ہو گیا۔

مزید پڑھیں : خان یونس میں یونیورسٹی کالج کے قریب اسرائیلی ڈرون حملہ، 3 فلسطینی شہید اور 11 زخمی

غزہ کی طبی ذرائع کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جنگ میں شہداء کی تعداد 74,618 اور زخمیوں کی تعداد 175,925 ہو گئی ہے۔ صحت حکام نے جمعرات کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پورے علاقے کے ہسپتالوں میں پانچ زخمی لائے گئے۔

حکام کے مطابق 11 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 1,602 فلسطینی شہید اور 5,799 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ملبے تلے سے 847 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ طبی ذرائع کے مطابق متعدد متاثرین اب بھی منہدم عمارتوں کے ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہیں، کیونکہ ایمبولینس اور ریسکیو ٹیمیں ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Scroll to Top