مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی نے شہید رہبر انقلاب اسلامی کے پیکر مطہر کی تشییع میں شرکت کرنے والے زائرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ آج بھی بہت سے لوگ اس عظیم شخصیت کی حقیقی عظمت سے پوری طرح واقف نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ رہبر شہید کو 1330 شمسی کی دہائی سے جانتے تھے اور ان کی پوری زندگی علم، تقویٰ، جدوجہد اور بے مثال خدمات سے عبارت تھی۔
یہ بھی پڑھیں : عراق میں شہید رہبر کی تشییع خون خواہی کے عزم کو مزید مضبوط کرے گی: جنرل اسماعیل قاآنی
آیت اللہ نوری ہمدانی نے رہبر شہید کی تشییع اور الوداعی تقریبات میں عوام کی غیر معمولی شرکت کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں دنیا بھر نے اس عظیم عوامی اجتماع کو حیرت سے دیکھا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں بھی عوامی جوش و خروش میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کو یہ حقیقت سمجھ لینی چاہیے کہ تشییع میں شریک ہونے والا یہ عظیم اجتماع رہبر شہید سے عقیدت رکھنے والوں کا صرف ایک حصہ ہے، کیونکہ اس مرد الٰہی کے چاہنے والے پوری دنیا میں موجود ہیں۔
مرجع تقلید نے کہا کہ ہماری جدوجہد استکباری سوچ، ظلم اور ان جرائم کے خلاف ہے جن کی نمائندگی امریکہ اور صہیونی حکومت کر رہی ہے۔ ایرانی قوم کبھی بھی ظلم کے سامنے سر نہیں جھکائے گی کیونکہ اسلامی تعلیمات ظالم کے ساتھ سمجھوتے کی اجازت نہیں دیتیں۔
آیت اللہ نوری ہمدانی نے شہید رہبر کی شہادت کے مجرموں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا قصاص یقینی ہے۔
انہوں نے ملکی ذمہ داران کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی قدر کریں، قومی اتحاد کو مضبوط بنائیں، ملک کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں اور ولایت فقیہ کے نظام کی حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں کیونکہ دشمن کا پہلا ہدف اسی بنیاد کو کمزور کرنا ہے۔