سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ عراق میں شہید رہبر انقلاب کی تاریخی تشییع ایران اور عراق کے عوامی اتحاد کو مزید مضبوط بنائے گی اور خون خواہی کے عزم کو پہلے سے زیادہ نمایاں کرے گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عراق کی حکومت اور عوام کی جانب سے شہید رہبر کی تشییع کے مطالبے اور اس تاریخی تقریب کی وسیع منصوبہ بندی نے دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے روحانی اور عوامی تعلقات کو پوری دنیا کے سامنے نمایاں کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نجف اشرف ایئرپورٹ کی سیکیورٹی حشد الشعبی کے حوالے، شہید رہبرؒ کی آمد پر سخت حفاظتی انتظامات
جنرل قاآنی نے کہا کہ شہید رہبر کی جانب سے عراقی عوام کی حمایت اور عراق کی دینی مرجعیت کے کردار نے داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ جہاں شہید قاسم سلیمانی نے عراقی جوانوں کے ساتھ مل کر داعش اور امریکی افواج کے خلاف جدوجہد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر شہید قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کو شہید کیا گیا۔
قاآنی نے اپنے بیان میں کہا کہ عراق میں شہید رہبر انقلاب کی شاندار تشییع، شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی تاریخی تشییع کی طرح، ایران اور عراق کے عوام کے اتحاد کو مزید مستحکم کرے گی اور امریکی پالیسیوں کے مقابلے میں خون خواہی کے عزم کو مزید نمایاں کرے گی۔