ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام یوم انہدام جنت البقیع کی مناسبت سے احتجاجی ماتمی ریلی

 مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے زیراہتمام عالمی یوم انہدام جنت البقیع کے سلسلے میں گھنٹہ گھر چوک سے نواں شہر چوک تک احتجاجی ماتمی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے قائدین علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، انجینئر سخاوت علی سیال، سید دلاور عباس زیدی اور دیگر نے کی۔ ریلی میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں علم حضرت عباس، مجلس وحدت مسلمین کے جھنڈے، رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی تصاویر، بینرز اور پلے کارڈز اُٹحا رکھے تھے جن پر جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر اور بے حرمتی کے خلاف نعرے درج تھے۔

ریلی سے خصوصی خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجة الاسلام والمسلمین علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کیا۔ علاوہ ازیں ریلی سے علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کیا۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں جنت البقیع کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ آج پورا عالم اسلام اس احتجاج میں شریک ہے کیونکہ یہ کسی مکتب کا نہیں اسلام کا معاملہ ہے، آج خلیجی ممالک امریکہ و اسرائیل کے پٹھو بنے ہوئے ہیں ، آج ہمیں غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار وقت کی اہم ضرور ت ہے۔

آج اسلام کی جنگ صرف تنہا ایران لڑ رہا ہے باقی اسلامی ممالک یا تو استعمار کے ہمنوا ہیں یا پھر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

ریلی میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں ضلعی صدر عون رضا انجم ایڈووکیٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا غدیر شیرازی، مولانا امیر حسین ساقی، مولانا غلام جعفر انصاری، غلام حسنین انصاری، مخدوم عون رضا شمسی، مخدوم حسن رضا مشہدی، رانا تیمور حسن، جواد رضا جعفری، سید فضل عباس نقوی، عاطف حسین سہرانی، یافث نوید ہاشمی، سید ندیم عباس کاظمی، مولانا علی رضا حسینی، حاجی طاہر بلوچ نمبردار، بشارت عباس قریشی، فخر نسیم صدیقی، ارتضی حیدر نقوی، شعیب جعفری اور دیگر موجود تھے۔

Scroll to Top