کراچی، دخترانِ رہبرِ معظم کیجانب سے ایم اے جناح روڈ پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد

دخترانِ رہبرِ معظم کے زیر اہتمام کراچی میں بارگاہ شاہ خراسان سے امام بارگاہ علی رضاؑ تک ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں کی تعداد خواتین، طالبات و اور بچوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ’’امریکا مردہ باد‘‘ اور ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔

مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز تھے، جن پر رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی تصاویر کے ساتھ ایران کے خلاف جارحیت اور عالمی برادری کی خاموشی کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے یکم مارچ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سراہا اور عزم ظاہر کیا کہ وہ شہداء کے مشن کو جاری رکھیں گے۔

 ریلی سے جماعت اسلامی خواتین کراچی کی ناظمہ جاویداں فہیم، مہجبین نقوی، پروفیسر معصومہ شیرازی، ڈاکٹر سیدہ سارہ کاظمی، ایڈوکیٹ فرحین زہرا اور زہرا نقوی نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ رہبرِ معظم اور ولی امر مسلمین سید علی خامنہ ای کی شہادت امت مسلمہ کیلئے ایک بڑا سانحہ ہے، جس پر امامِ عصرؑ کی بارگاہ میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام امریکا اور صہیونی ریاست اسرائیل کی مجرمانہ کارروائی ہے، جو ان کیلئے سنگین نتائج کا باعث بنے گی۔ مقررین نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، گلگت اور اسکردو میں احتجاج کرنے والوں پر کارروائی کے دوران 30 سے زائد افراد کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ریلی کے منتظمین نے اپنے اعلامیے میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کیا جائے، امریکی سفارتخانہ اور قونصل خانے بند کیے جائیں، شہداء کے قاتلوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے اور کراچی میں نوجوانوں کے قتل میں ملوث امریکی میرینز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔

اعلامیے میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ ملک بھر میں گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ شرکاء نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کیا جائے اور امت مسلمہ کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے۔

ریلی کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی، جس میں شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور دنیا میں عدل و انصاف کے قیام کیلئے، امام زمانہ حضرت امام مہدی (عج) کے ظہور میں تعجیل کی دعا کی گئی۔

Scroll to Top