گلگت میں گستاخیوں کا سلسلہ جاری ہے، حکومت ایکشن لے، آغا راحت حسین

 قائدِ ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک صبر، برداشت اور ضبطِ نفس کا درس دیتا ہے۔ اس بابرکت مہینے میں ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھے، باہمی اختلافات کو ختم کرے اور وحدت و اتحاد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حالیہ دنوں گلگت میں گستاخیوں کا ایک سلسلہ جاری ہے، جسے بنیاد بنا کر اہلِ بیتؑ اور آئمۂ معصومینؑ کی توہین کی جا رہی ہے، جو کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ ایسے عناصر نہ صرف مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ معاشرے میں انتشار اور بدامنی کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ قائدِ ملت جعفریہ نے حکومتِ وقت سے پُرزور اپیل کی کہ ان گستاخانہ حرکات میں ملوث افراد کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ آئندہ کوئی بھی مقدسات کی توہین کی جسارت نہ کر سکے۔ آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان المبارک کے تقدس کو ملحوظ رکھتے ہوئے صبر، برداشت، اخوت اور اتحاد کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی اشتعال انگیزی سے اجتناب کریں۔

Scroll to Top