عراق کے سیاسی اتحاد دولت قانون کے رکن ولید الاسدی نے واضح کیا ہے کہ امریکہ ہرگز اپنی خواہشات عراق پر مسلط نہیں کرسکتا اور ملکی قیادت کا انتخاب خالصتا قومی ارادے کے تحت انجام پائے گا۔
الاسدی نے کہا کہ عراق کے اندرونی سیاسی معاملات اور سربراہان کے انتخاب کا عمل داخلی اتفاق رائے سے طے ہوتا ہے۔ بیرونی دباؤ سیاسی مفاہمت کے عمل کو تبدیل نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ ماضی میں بھی عراق کی سیاسی پیش رفت سے لاتعلق نہیں رہا، تاہم وہ کبھی بھی اپنی مرضی عراقی عوام یا سیاسی قوتوں پر نافذ نہیں کرسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی بیرونی مداخلت کو عراق کے داخلی امور میں کھلی مداخلت تصور کیا جائے گا۔ وزارت عظمی کے امیدوار کے تعین کا حتمی فیصلہ بھی بیرونی دباؤ سے بالاتر ہوکر اتحاد میں شامل گروہ باہمی مشورے سے کریں گے۔