اسلام24/7کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق سینئر وزیر راجہ ذکریا خان مقپون نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین کے مابین دوریاں پیدا کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔
یہ سازشیں گزشتہ سال سے اب تک جاری ہیں مگر پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیو ایم کے مابین پھوٹ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت المسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی عمران خان کے نمائندے ہیں۔ انہوں نے جب سے خان کی سیاست کی بھاگ دوڑ سنبھالی ہے بہترین سیاسی انقلاب برپا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی لازم و ملزوم ہیں، انہیں دور کرنے کی سازش کرنے والے کامیاب کبھی نہیں ہونگے، ایسے لوگ جلد منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ دونوں جماعتوں کے مابین فاصلے بڑھانے کیلئے ایک مائنڈ سیٹ کام کر رہا ہے لیکن اس مائنڈ سیٹ کو منہ کی کھانی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ سکردو حلقہ نمبر 1 سے ہر صورت میں الیکشن لڑوں گا۔
اس بارے میں اتحادی جماعت ایم ڈبلیو ایم کے اکابرین اور دیگر دوست احباب سے مشاورت جاری ہے۔ میں نے اپنی بساط کے مطابق اپنے حلقے میں کام کیا ہے۔ سڑکوں کا جال بچھایا ہے۔