رہبر انقلاب اسلامی کی توہین ناقابلِ برداشت، گودی و الیکٹرانک میڈیا کے پروپیگنڈے کی سخت مذمت: مولانا یعسوب عباس

آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکرٹری مولانا یعسوب عباس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بعض اداروں کی جانب سے رہبرِ انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ‌ای کی توہین کسی بھی صورت قابلِ برداشت نہیں ہے۔

مولانا یعسوب عباس نے کہا کہ چند نام نہاد الیکٹرانک چینلز مسلسل افواہوں پر مبنی اور گمراہ کن پیغامات نشر کر رہے ہیں، جن میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نعوذباللہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ‌ای ملک ایران کو ترک کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ “یا علیؑ کہنے والے میدان سے بھاگنے والے نہیں ہوتے، بلکہ بڑے بڑوں کو میدان چھوڑنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایجنڈے پر کام کرنے والے بکے ہوئے میڈیا چینلز، بالخصوص بھارت کے گودی میڈیا، جس انداز میں آیت اللہ خامنہ‌ای کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ آیت اللہ خامنہ‌ای ایک عظیم مذہبی رہنما اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ دینی شخصیت ہیں، اور کسی مذہبی رہنما کی اس طرح کردار کشی کرنا نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

آخر میں مولانا یعسوب عباس نے کہا کہ چاہے وہ الیکٹرانک میڈیا ہو، پرنٹ میڈیا ہو یا گودی میڈیا، اس نوعیت کے بیانات اور پروپیگنڈے کی آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ بھرپور مخالفت کرتا ہے اور آئندہ بھی ایسی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کیا جائے گا۔

Scroll to Top