کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، افغانستان سے لایا گیا 2 ہزار کلو بارودی مواد برآمد، 3دہشتگرد گرفتار

کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کو بڑی تباہی سے بچالیا، دو ہزار کلوگرام سے زائد تیار بارودی مواد قبضے میں لے کر تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لارک اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے کراچی کے علاقے بلدیہ رئیس گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے دو ہزار کلوگرام سے زائد بارودی مواد قبضے میں لیکر ایک دہشت گرد کو موقع سے گرفتارکرلیا اور بعد ازاں گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر کراچی میں چھ مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جہاں سے مزید دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ اس دہشت گردی کے منصوبے کے پیچھے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں کا ہاتھ ہے، یہ منصوبہ بیرون ملک بنایا گیا جن کے سہولت کاروں اور ہینڈلرز کی نشاندہی ہوگئی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ پکڑے گئے افراد کا تعلق بشیر زیب نیٹ ورک اور کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ فتنۃ الہند سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پکڑے گئے افراد کی شناخت جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید کے نام سے ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے یہ کارروائی رات کو کی اس لیے ماہرین کی رائے اور مختلف اداروں کی تصدیقی رپورٹس آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

Scroll to Top