اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جنوبی شام کے علاقے بیت جن پر غاصب صیہونی حکومت کے زمینی اور فضائی حملے اور متعدد شامی شہریوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں اپنے ملکوں کی قومی خود مختاری اور ارضی سالمیت کے دفاع کے لئے علاقے کی اقوام کے اقتدار اعلی پر زور دیا اور صیہونی فوجیوں کے خلاف شامی نوجوانوں کی مزاحمت کو ایک فطری اور قانونی جواب قرار دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صیہونی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں اور علاقے میں اس کے جرائم کے دائرے میں توسیع کا حوالہ دیتے ہوئے صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بے عملی کو افسوسناک قرار دیا اور عالمی امن و استحکام پر اس صورت حال کے نتائج کے تئیں خبردار بھی کیا۔