وزارت خارجہ کی پارلیمنٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 21 ہزار 480 پاکستانی دیار غیر کے جیلوں میں قید ہیں، جن میں سے 154 پاکستانی عائد جرمانہ ادا نہ کرنے کے باعث پابندی سلاسل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مجموعی طور پر 16 ہزار 42 پاکستانی قید ہیں جبکہ ترکیہ میں 190، امریکا میں 131 اور قطر میں 601 پاکستانی اس وقت پابند سلاسل ہیں۔
عمان میں 578، ملائشیا میں 448، اٹلی میں 353 جبکہ ایران میں 169 پاکستانی جیلوں میں قید ہیں۔ بھارت میں 738 پاکستانی، یونان میں 516، چین میں 452 اور جرمنی میں 105 پاکستانی قید ہیں۔ بحرین میں 218، افغانستان میں 91، آذربائیجان میں 23 اور بنگلہ دیش میں پانچ پاکستانی شہری پابند سلاسل ہیں۔
وزارت خارجہ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دنیا بھر کے ممالک سے گزشتہ برس 12 ہزار 559 پاکستانیوں کو رہا کیا گیا۔ عراق سے گزشتہ ایک برس میں 4 ہزار 863 پاکستانیوں کو رہا کیا گیا ہے، جو کہ باقی ممالک کے مقابلے سب سے زیادہ تعداد تھی۔
روس کے شہر ماسکو سے 93، ترکیہ کے استنبول سے 30 جبکہ زمبابوے کے شہر ہرارے سے 67 پاکستانی رہا ہوئے، سعودی عرب کے شہر جدہ سے 1 ہزار 947 اور ملائشیا کے شہر کوالالمپور سے 1650 پاکستانی رہا ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق دبئی سے 1899، اٹلی کے شہر ایتھنز سے 208، جبکہ سعودی عرب کے شہر ریاض سے 863، مسقط سے 371 اور دوحہ سے 103 پاکستانی رہا ہوئے ہیں۔