حکومت فوری طور پر عزہ امن بورڈ سے دستبرداری اختیار کرے، ملت جعفریہ

ملتِ جعفریہ پاکستان کی جانب سے نشتر پارک کراچی میں رہبرِ انقلابِ اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آبرومندانہ شہادت اور کراچی سمیت ملک بھر میں احتجاج کے دوران شہید ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک بڑا تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملتِ جعفریہ اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سے امریکی نفوذ اور مداخلت کا خاتمہ کیا جائے اور حکومت فوری طور پر عزہ پیس بورڈ سے دستبرداری اختیار کرے۔

مقررین نے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے مظاہرین کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امریکی میرینز کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوانوں کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

احتجاجی جلسہ میں ڈائریکٹر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر سعید طالبی نیا، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما اسد اللہ بھٹو، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی، علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ سید ناظر عباس تقوی، علامہ سید باقر عباس زیدی، مولانا محمد صادق جعفری، علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ، مولانا سید حیدر عباس عابدی، علامہ نثار احمد قلندری، علامہ  سید باقر حسین زیدی، مولانا اصغر حسین شہیدی، علامہ حیات عباس نجفی، مولانا سید صادق رضا تقوی و دیگر علمائے کرام، ذاکرینِ عظام سمیت ایم ڈبلیو ایم، جعفریہ الائنس پاکستان، مرکزی تنظیمِ عزاداری، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان ،پیامِ ولایت فاؤنڈیشن، جعفریہ آرگنائزیشن، پاک محرم ایسوسی ایشن، جماعت اسلامی، علمائے اہلِ سنت، مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بہت بڑی تعداد میں مرد خواتین و بچے شریک تھے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ تعزیتی اجتماع مسئلۂ فلسطین اور کشمیر پر آیت اللہ خامنہ ای کے اصولی مؤقف کی بھرپور تائید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام امریکا اور اسرائیل کے مبینہ “گریٹر امریکا اسرائیل” منصوبے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں معصوم شہریوں خصوصاً اسکول کے 165 بچوں کی شہادت انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔ انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران مظاہرین کی گرفتاریوں کی بھی سخت مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

مقررین نے کہا کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران 11 نہتے مظاہرین کی شہادت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے پر امریکی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرائے اور انہیں ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کرے۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی میرینز جنہوں نے فائرنگ اور قتل کا اعتراف کیا ہے، ان کے خلاف پاکستان میں باقاعدہ مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔ مقررین نے مزید کہا کہ کراچی میں یوم القدس کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا جانا چاہیے تاکہ عوام فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کر سکیں۔

 

انہوں نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ اور قونصل خانے درحقیقت دہشتگردی اور سازشوں کے مراکز بن چکے ہیں، جہاں سے پاکستان سمیت مسلم ممالک کے خلاف منصوبہ بندی کی جاتی ہے، لہٰذا پاکستان کے پچیس کروڑ عوام کا مطالبہ ہے کہ امریکی سفارتخانہ اور قونصل خانے فوری طور پر بند کیے جائیں۔

Scroll to Top