اسلام 24/7کے مطابق سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک قرآن کریم کی بہار کا مہینہ ہے اور اس مقدس مہینے میں قوم کو چاہیے کہ تلاوتِ قرآن اور روحانی تربیت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں غزہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں خواتین کے بنیادی حقوق کی بدترین اور تاریخ کی سفاک ترین پامالی کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپ کی حمایت سے اسرائیل نے مظالم ڈھائے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں مظلوموں کو یاد رکھنا چاہیے اور ان کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔
سینیٹر نے کہا کہ امریکہ اپنی نیشنل سکیورٹی کو ترجیح دیتا ہے اور اس پر اعتماد کرنا درست نہیں۔ ان کے مطابق امریکہ ایک استحصالی اور استکباری قوت ہے جو پابندیوں اور دباؤ کے ذریعے اپنے مفادات کا تحفظ کرتا ہے، اس لیے اسے خوش کرنے یا اس پر بھروسہ کرنے کی پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں۔
انہوں نے حکومت اور عوام پر زور دیا کہ وہ خود انحصاری، قومی وحدت اور اصولی مؤقف کے ساتھ آگے بڑھیں اور عالمی دباؤ کے باوجود مظلوم اقوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں۔