سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے مجلس خبرگان رہبری کی جانب سے سید مجتبی حسینی خامنہ ای کو رہبر انقلاب اسلامی منتخب کرنے کے فیصلے کی حمایت اور انقلاب اسلامی کی اقدار کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک باضابطہ بیان میں نئے ولی فقیہ اور رہبر انقلاب اسلامی کے طور پر آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کے انتخاب کی حمایت کرتے ہوئے مکمل اطاعت اور وفاداری کا اعلان کیا ہے۔ سپاہ پاسداران نے کہا ہے کہ وہ ولایت کے مضبوط بازو کی حیثیت سے مجلس خبرگان رهبری کے فیصلے کی مکمل تائید کرتی ہے اور اسلامی انقلاب کی اقدار کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ سپاہ پاسداران کے بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے عظیم رہبر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد مجلس خبرگان کی جانب سے نئے رہبر انقلاب کا انتخاب ایک اہم تاریخی مرحلہ ہے۔
بیان کے مطابق آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای ایک جامع الشرائط فقیہ، نوجوان مفکر اور سیاسی و سماجی مسائل سے آگاہ شخصیت ہیں، جن کا انتخاب انقلاب اسلامی کیلئے ایک نئے دور کے آغاز کی علامت ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امام روح اللہ خمینی کے بعد آیت اللہ خامنہ ای نے 37 برس تک حکمت، استقامت اور مضبوط قیادت کے ذریعے اسلامی انقلاب اور نظام کو تاریخ کے پیچیدہ مرحلوں سے کامیابی کے ساتھ گزارا۔ سپاہ پاسداران نے مزید کہا کہ ولی فقیہ کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران کا نظام کسی فرد پر منحصر نہیں بلکہ ایک مضبوط فکری و انقلابی ڈھانچے پر قائم ہے، اسی لیے موجودہ پیچیدہ حالات میں بھی انقلاب کا سفر بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔
بیان کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ولایت فقیہ کے سپاہی کی حیثیت سے نئے رہبر انقلاب کے تمام احکامات کی مکمل اطاعت کیلئے تیار ہے اور اسلامی انقلاب کے اقدار، امامین انقلاب کی میراث اور اسلامی جمہوریہ کے نظام کے دفاع کیلئے ہر قسم کی قربانی دے گی۔
بیان کے اختتام پر قوم سے اپیل کی گئی کہ وہ امام روح اللہ خمینی کے اس فرمان کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں کہ ولایت فقیہ کی حمایت کریں، تاکہ ملک کو نقصان نہ پہنچے اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اسلامی انقلاب، نظام اور ولایت فقیہ کے دفاع میں بھرپور کردار ادا کریں، تاکہ استکباری طاقتوں اور صہیونی قوتوں کے مقابلے میں ایران کامیاب ہو جائے اور اسلامی تہذیب کے نئے دور کی بنیاد رکھی جا سکے۔