فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے قابض اسرائیل کی جانب سے غیر مسلح ہونے کی 60 دن کی مہلت کو مسترد کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے رہنما محمود مرداوی نے صیہونی ڈیڈلائن کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں مزاحمتی قوتوں کو غیر مسلح کرنے کے لیے کسی بھی قسم کی مہلت مقرر کیے جانے کے بارے میں ثالثوں کی جانب سے ہمیں کوئی اطلاع یا پیغام موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیاں اور جارحیت دراصل اس منصوبے کا حصہ ہیں جس کا مقصد غزہ کے باشندوں کو جبری طور پر بے دخل کرنا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ایک صہیونی عہدیدار نے دعویٰ کیا تھا کہ تل ابیب حماس کو ہتھیار ڈالنے کے لیے 60 دن کی مہلت دے گا، اور اگر اس پر رضامندی ظاہر نہ کی گئی تو اسرائیل دوبارہ جنگ شروع کرنے کی طرف جائے گا۔