پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں امریکی قونصل خانے پر حملے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں ناملعوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق اتوار کو امریکن قونصلیٹ کراچی کے باہر احتجاج کے دوران فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں کم از کم نو افراد شہید جبکہ 31 زخمی ہوگئے تھے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ یکم مارچ 2026 کو صبح تقریباً ساڑھے دس بجے پیش آیا۔
تھانہ ڈاکس کی حدود میں مائی کلاچی روڈ پر قونصل خانے کے گیٹ نمبر چار کے قریب 150 سے 200 افراد پر مشتمل ایک ہجوم جمع ہوا، جو مبینہ طور پر ایرانی رہبرِ اعلیٰ کی شہادت کے خلاف احتجاج کر رہا تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ یہ مظاہرین ڈنڈوں، لاٹھیوں اور اسلحے سے لیس تھے اور نعرے بازی کر رہے تھے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ہجوم میں شامل بعض شرپسند عناصر نے اچانک فائرنگ شروع کر دی اور قونصلیٹ کی عمارت کو نقصان پہنچانے اور دیوار پھلانگنے کی کوشش کی۔ اس دوران فائرنگ اور بھگدڑ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ایف آئی آر کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ڈاکس نند لال نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کی۔
پولیس حکام کے مطابق جسپتال سے موصول اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں نو افراد شہید ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں، جبکہ 31 زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں ساجد علی، خاور عباس، محمد عدیل عباس، محمد علی، کاظم حسین زیدی، عدیل عباس، عاصم عباس، مبارک شاہ، محمد عباس، محمد شاہ اور عامر شامل ہیں۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل تصدیق اور کوائف کی جانچ کا عمل جاری ہے۔
ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 147، 148، 149، 324، 302، 427، 395، 353، 186 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مشتعل افراد فرار ہوتے ہوئے ایک سرکاری سب مشین گن اور میگزین بھی چھین کر لے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملوث افراد کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز امریکی قونصلیٹ اور اطراف کے علاقے میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور سو کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔
اس کے بعد علاقے ایس ایس پی امجد شیخ کو عہدے سے ہٹادیا گیا جبکہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ڈاکس تھانہ کو معطل کردیا گیا تھا۔