امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے ایران نے امریکہ و اسرائیل کے عزائم کو خاک میں ملا دیا، جس پر ایرانی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا ایک طرف عیدالفطر کی خوشیاں، دوسری جانب غزہ کے بے گھر عوام ہیں، غزہ کے بچوں اور مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملبے کے ڈھیر پر عید گزاری۔
ان کا کہنا تھا امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا، حملوں کا آغاز سکول کی 176 بچیوں پر حملہ کرکے کیا گیا، تمام سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں وہ حملوں کی مذمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی لیڈر شپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایران نے امریکہ و اسرائیل کے عزائم کو خاک میں ملا دیا، امریکہ ایران میں رجیم چینج کرنا چاہتا تھا، اب رجیم چینج مغرب میں ہونیوالا ہے، امریکا، اسرائیل اور بھارت کے ٹرائیکا نے دنیا کے امن کو خراب کر دیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوامی سطح پر اتحاد موجود ہیں، حکمران طبقے نے اتحاد نہ کرکے امت کو تقسیم کیا ہوا ہے، امت مسلمہ کو اس وقت اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا ٹرمپ جیسے شخص کے آشیرباد کیلئے یہ لائنیں لگا کر کھڑے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ صبح، دوپہر اور شام الگ الگ بات کرتا ہے، ٹرمپ کبھی فتح کا اعلان کرتا ہے اور کبھی نیٹو کو بلاتا اور کبھی مدد مانگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی صورتحال یہ ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول بم گرایا گیا، ہر لیٹر پٹرول پر 25 فیصد ٹیکس کی صورت میں حکومت کھا رہی ہے، مزید قیمت نہ بڑھانا کافی نہیں، لیوی کو کم کیا جائے، غریب و متوسط طبقے کے افراد ہزاروں ارب روپے ٹیکس کی مد میں جمع کروا رہے ہیں۔