امریکا کی جانب سے ایران پر ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل میں سیکیورٹی ہائی اسلام 24/7کے مطابق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو بنکرز کے قریب رہنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق دفاعی اور ہنگامی اداروں کو ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام کو خدشہ ہے کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرتا ہے تو اس کے جواب میں ایران اسرائیل کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
اسی تناظر میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، قریبی بنکرز اور محفوظ مقامات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسرائیلی حکام نے سیکیورٹی اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے تمام انتظامات مکمل رکھنے کا حکم دیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اُدھر اسرائیلی اور امریکی حکام نے امریکی ویب سائٹ ایکسِیوس کو بتایا کہ جاری تیاریوں کی بنیاد اس مفروضے پر رکھی گئی ہے کہ سفارتی کوششیں ناکام ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ یہ کارروائی غالب امکان کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ مہم ہو گی۔
رپورٹ کے مطابق اگر امریکا فوجی اقدام کرتا ہے تو وہ محض محدود نوعیت کا حملہ نہیں ہوگا بلکہ ہفتوں پر محیط ایک وسیع آپریشن ہو سکتا ہے، جو عملی طور پر ایک ہمہ گیر جنگ کے قریب ہوگا۔
اس کارروائی میں ایران کے جوہری اور میزائل تنصیبات کے ساتھ ساتھ نظام سے وابستہ سکیورٹی اداروں کو بھی بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب واشنگٹن سے موصول ہونے والی بعض اطلاعات کے مطابق حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا اور امریکی انتظامیہ کو مزید وقت درکار ہو سکتا ہے۔