اسلام247: ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کے تاریخی ٹکراؤ سے قبل ملکی قیادت نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ شاہین آج شاندار کارکردگی سے حریف کو شکست دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی محنتی ہیں اور جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا: “کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، دعاگو ہوں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جیتے۔”
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ پاکستان آج کا فائنل جیتے گا۔ انہوں نے بھارتی ٹیم کو “متکبرانہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ غرور ہمیشہ نیچا ہوتا ہے۔ ان کے مطابق، جب ہمارے کھلاڑیوں کو دباؤ میں لایا جاتا ہے تو ان کا جذبہ حب الوطنی اور زیادہ ابھر کر سامنے آتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی شاہینوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم قوم کی امنگوں پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا: “شاہین میچ کا پاسا پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، آج بھارت کا غرور خاک میں ملانے کا دن ہے۔”
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ شاہین روایتی حریف کے خلاف جم کر کھیلیں گے اور گزشتہ میچوں کی طرح ٹیم ورک اور جذبے کا مظاہرہ کریں گے۔
اسی طرح بیرسٹر سیف نے کہا کہ کھلاڑی میدان میں لڑیں گے اور قوم دعاؤں کا حصار بنائے گی۔ انہوں نے کہا: “ہر چھکا اور ہر وکٹ عوام کے دل جیت لے گی، پاکستان کی فتح قوم کے حوصلے بلند اور بھارت کے خواب چکناچور کر دے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ گراؤنڈ میں شاہین اور اسٹیڈیم کے باہر پوری قوم ایک ساتھ کھڑی ہے۔