اسلام247 : پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن ڈی سی میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر کاش پٹیل سے ملاقات کی ہے، جس میں انسداد دہشت گردی، غیر قانونی امیگریشن اور افسران کے تبادلے کے پروگرامز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈائریکٹر ایف بی آئی کاش پٹیل کی پیشہ ورانہ مہارت اور وژن انہیں بہترین پارٹنر بناتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی کے تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا فرنٹ لائن اتحادی رہا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ کے دوسرے دورِ حکومت میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’’آج دو عظیم مہمان مجھ سے ملنے آ رہے ہیں، ان میں آرمی چیف عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف شامل ہیں، یہ دونوں عظیم رہنما ہیں۔‘‘