اسلام247 : وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو پاکستان اور امریکا کے بہتر تعلقات کے لیے انتہائی اہم اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امن چاہتے ہیں اور انہوں نے پاک-بھارت جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
وزیراعظم نے نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا پاکستان میں آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، صدر ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو فوری سرمایہ کاری کی ہدایت دی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے باہمی مفادات کے تحت ہوں گے، جبکہ معدنیات کی قیمت کا شفاف اور مناسب تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج نے بھارت کو دانشمندی کے ساتھ شکست دی، 10 مئی کو امریکی وزیر خارجہ نے جنگ بندی کا بھارتی پیغام پہنچایا تھا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں انہیں غیر معمولی استقبال ملا، جیسا استقبال گزشتہ 40 برس میں نہیں دیکھا۔
وائٹ ہاؤس ملاقات
گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پرجوش خیر مقدم کیا۔
اوول آفس میں ہونے والی ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ جاری رہی جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اور تجارتی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی ’’فیصلہ کن اور جرات مندانہ قیادت‘‘ کو سراہا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
دیگر ملاقاتیں
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کا معاملہ اٹھایا اور مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل پر زور دیا۔
چینی ہم منصب لی چیانگ سے غیر رسمی ملاقات میں وزیراعظم کی تقریر کو سراہا گیا اور باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔