اسلام247 : ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے 28 ستمبر کو ہوگا، جو مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ محمد حارث 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے بیٹرز پاکستانی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ ایک رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ شمیم حسین نے 30 رنز بنائے جبکہ سیف حسین نے 18، نورالحسن اور رشاد حسین نے 16، 16 رنز اسکور کیے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو ہوگا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے 11 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کے مستقل کپتان لٹن داس کی غیر موجودگی میں قیادت کرنے والے جاکر علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ قومی ٹیم کے بیٹرز میں صاحبزادہ فرحان 4 رنز، صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر، فخر زمان 13، حسین طلعت 3 اور کپتان سلمان آغا 19 رنز بنا سکے۔
پاکستان کا چھٹا نقصان 14ویں اوور میں 71 رنز پر ہوا، جب شاہین شاہ آفریدی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے تسکین احمد نے 3، رشاد حسین اور مہدی حسن نے 2، 2 جبکہ مستفیض الرحمٰن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے یہ میچ سیمی فائنل کی حیثیت رکھتا تھا۔ پاکستان نے بھارت سے پہلا میچ ہارنے کے بعد سری لنکا کو شکست دی تھی، جبکہ بنگلہ دیش نے سری لنکا کو ہرایا تھا لیکن بھارت کے خلاف انہیں ناکامی ہوئی۔