یورپی ایئرپورٹس کے چیک اِن سسٹمز متاثر، برلن ایئرپورٹ بھی ہیکنگ کی زد میں

اسلام247 : برطانوی پولیس کے مطابق کولنز ایرو اسپیس پر ہونے والے رینسم ویئر حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق آر ٹی ایکس کی ملکیتی کمپنی پر ہونے والے ہیکنگ حملے کے نتیجے میں یورپ کے بیشتر ہوائی اڈوں کے چیک اِن سسٹمز شدید متاثر ہوئے تھے، جس سے یورپ بھر میں ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے ایک بیان میں بتایا کہ تقریباً 40 برس کے ایک شخص کو 23 ستمبر کو ’کمپیوٹر مس یوز ایکٹ‘ کے تحت ہیکنگ کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اسے مشروط ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر این سی اے پال فوسٹر نے کہا کہ اگرچہ یہ گرفتاری ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم اس واقعے کی تحقیقات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور تاحال جاری ہیں۔

    ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے کے پیچھے کون سا مجرمانہ گروہ موجود تھا، ترجمان این سی اے نے اس حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے بھی گریز کیا ہے۔

رینسم ویئر گروہ عموماً اپنے حملے کا پرچار کرتے اور چوری شدہ ڈیٹا کو ڈارک ویب کی سائٹس پر شائع کرتے ہیں، تاہم ان سائٹس پر نظر رکھنے والے اداروں نے کسی بھی گروہ کو اس ہیکنگ حملے کی ذمہ داری قبول کرتے نہیں دیکھا۔

رینسم ویئر ایک بدنیتی پر مبنی سافٹ ویئر ہوتا ہے جسے ہیکرز کمپنی کے ڈیٹا کو انکرپٹ کرنے اور اس کی بحالی کے بدلے تاوان طلب کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

کولنز ایرو اسپیس پر یہ حملہ یورپ میں ہونے والے آن لائن ہیکنگ کے واقعات کی ایک اور کڑی تھا جس کے سنگین نتائج برآمد ہوئے۔

ایئرپورٹ آپریٹر بی ای آر نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ یورپ کے بڑے ایئرپورٹس میں سے ایک برلن ایئرپورٹ بھی اس ہیکنگ حملے سے متاثر ہوا تھا۔

Scroll to Top