اداکار پرکاش راج کا نریندر مودی پر الزام، غزہ کی نسل کشی میں شریک مجرم قرار دیا

اسلام247 : پرکاش راج کا نریندر مودی پر الزام، غزہ کی نسل کشی میں شریک مجرم قرار دیا

بولی وڈ فلموں کے معروف ولن اور اداکار پرکاش راج نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں مودی بھی امریکا اور اسرائیل جتنے ہی ذمہ دار ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ کے مطابق پرکاش راج نے چنئی میں فلسطین کے حق میں نکالی گئی ریلی میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کنڑا زبان میں خطاب کرتے ہوئے مودی پر کڑی تنقید کی۔

پرکاش راج نے غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران پر نریندر مودی کی خاموشی کو جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اکیلا ذمہ دار نہیں ہے، امریکا بھی شریک مجرم ہے، جب کہ مودی کی خاموشی انہیں بھی نسل کشی میں برابر کا شریک بناتی ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ فلسطینی عوام پر وسیع پیمانے پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش رہنا شریک جرم ہونے کے مترادف ہے، اور بھارتی وزیراعظم بھی اس جرم میں شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عالمی رہنماؤں کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے پرکاش راج نے کہا کہ غزہ کے کتنے اور بچوں کو مرنا ہوگا کہ عالمی برادری آواز اٹھائے؟

انہوں نے اپنے خطاب میں نریندر مودی کی دیگر پالیسیوں کو بھی ہدفِ تنقید بنایا۔ پرکاش راج ماضی میں بھی مودی پر کھلے عام تنقید کرتے آئے ہیں اور ان کا شمار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سخت ناقدین میں ہوتا ہے۔

جس ریلی میں پرکاش راج شریک ہوئے، وہ فلسطینی ریاست کی حمایت میں عالمی مظاہروں کی بڑھتی ہوئی لہر کا حصہ تھی۔ سول سوسائٹی گروپس اور انسانی حقوق کی تحریکوں کے زیر اہتمام اس ایونٹ میں شہری، کارکنان، سیاست دان اور معروف شخصیات شریک ہوئیں، جنہوں نے عالمی سطح پر فلسطین میں جاری نسل کشی کی فوری بندش کا مطالبہ کیا۔

اداکار نے عالمی برادری کی جانب سے غزہ میں تباہی کو نظرانداز کرنے کی بھی مذمت کی اور سوال اٹھایا کہ آخر عالمی رہنماؤں کو آواز بلند کرنے کے لیے کتنے اور معصوم بچوں کی قربانی درکار ہے؟

Scroll to Top