اسلام247 : چلی کے صدر گابریل بوریک نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیرِاعظم بن یامین نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی حکام کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش یہ نہیں کہ نیتن یاہو یا اس کا خاندان کسی میزائل حملے میں ہلاک ہو، بلکہ یہ ہے کہ انہیں فلسطینیوں کی نسل کشی کے جرم میں عالمی عدالت میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
صدر بوریک نے اسرائیل کی جانب سے قطر اور ایران کے خلاف جارحیت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ نفرت کے خلاف متحد ہو کر ایک کثیر قطبی عالمی نظام کو فروغ دے۔
غزہ کی صورتحال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا
“مجھے نہیں معلوم کہ ان حالات میں غزہ کے بارے میں کیا کہا جائے۔ ان بے گناہوں کی نظریں آج بھی ہم پر ہیں۔ یہ انسانی بحران دراصل ایک عالمی سانحہ ہے۔”
چلی کے صدر نے زور دیا کہ تشدد کے سامنے کسی بھی قسم کی چشم پوشی ناقابلِ قبول ہے۔