اسلام247 : برطانانیہ پرچم بردار جہاز “الما” پر تیونس میں ڈرون حملہ — قافلہ متحرک، غزہ کی جانب پیش قدمی جاری
برطانوی پرچم بردار جہاز “الما” کو عالمی سمندری قافلے “الصمود” کے ساتھ رواں دواں رہتے ہوئے تیونس کے پانیوں کے قریب ڈرون حملے کا سامنا کرنا پڑا، تاہم قافلے کے ذرائع کے مطابق حملے کے باوجود جہاز نے دیگر کشتیوں کے ساتھ رابطہ بحال کرلیا ہے اور مجموعی قافلہ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔
الصمود فلوٹیلا کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ قافلے کے تمام جہاز بین الاقوامی پانیوں میں آپس میں قریب آکر یکجا ہوچکے ہیں اور غزہ کی طرف پیش قدمی جاری ہے، تاکہ اسرائیلی محاصرہ توڑا جا سکے۔ موجودہ اطلاعات کے مطابق قافلہ غزہ سے تقریباً 715 سمندری میل کے فاصلے پر ہے اور محاصرہ توڑنے کی کوشش کے لیے تیار ہے۔
قافلے کے منتظمین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سمندری راستے پر نئی خطرناک کارروائیاں قافلے کی راہداری میں رکاوٹ بن سکتی ہیں، اس لیے انہوں نے بین الاقوامی برادری سے بحری راستوں کے تحفظ اور فلیٹ کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر بعض غیر سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ قافلے کو ترکی، یورپ اور شمالی افریقہ کے چند ملکوں سے مزید امدادی کشتیوں کی شمولیت بھی مل رہی ہے، جس سے بیڑے کی کُل قوت اور طول میں اضافہ ہو رہا ہے۔
الصمود کے منتظمین نے بارہا کہا ہے کہ یہ مشن مکمل طور پر پرامن اور انسانی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد محض انسانی امداد غزہ تک پہنچانا اور سمندری محاصرے کو ختم کروانا ہے۔