اسلام247 : ایران-آئی اے ای اے تعاون پابندیوں سے مشروط نہیں ہونا چاہیے، رافائل گروسی
بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے کہا ہے کہ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کو اسنیپ بیک پابندیوں سے مشروط نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے۔
گروسی نے اسنیپ بیک میکانزم اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کیے جانے کو ایک “پیچیدہ اور مشکل صورتحال” قرار دیا، تاہم انہوں نے اس خدشے کو مسترد کیا کہ اس سے جوہری مذاکرات پٹری سے اتر جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان تعاون جاری رکھنا ضروری ہے اور اسی کے ساتھ ایران کے خدشات کو بھی مدِنظر رکھنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسنیپ بیک میکانزم اور ایران-آئی اے ای اے تعلقات کو الگ الگ سمجھنا چاہیے، کیونکہ اگرچہ پابندیوں کی واپسی اقتصادی اثرات ڈالے گی، لیکن جوہری نگرانی اور تعاون کا سلسلہ رکنا نہیں چاہیے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حالیہ حملوں سے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا جس کے باعث معائنوں کا سلسلہ عارضی طور پر روکنا پڑا۔ اب توجہ اس پر ہے کہ نگرانی کا سابقہ نظام بحال کیا جائے۔
گروسی نے مزید کہا کہ ایران نے اندرونِ ملک نئی قانون سازی کی ہے جس کے تحت معائنوں کے لیے نئے طریقہ کار وضع کیے گئے ہیں، اور اس حوالے سے فریقین کو بیٹھ کر ان فریم ورکس کو ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔