اسلام247 : ایران اور آذربائیجان کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اور آذربائیجان کے تعلقات بھائی چارے، گہرے ثقافتی اور مذہبی اشتراکات پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے کوئی رکاوٹ موجود نہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر پزشکیان نے اپنے حالیہ دورہ آذربائیجان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ حکام کے ساتھ مثبت ملاقاتوں اور معاہدات کے نتیجے میں دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کے مفادات زیادہ سے زیادہ پورے ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بعض بدخواہ عناصر اسلامی ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ایران کی پالیسی بھائی چارے اور قریبی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
آذربائیجان کے نائب وزیراعظم شاہین مصطفیاف نے صدر الہام علیف کا گرم سلام ایرانی صدر تک پہنچایا اور کہا کہ آذربائیجان ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر پزشکیان کے دورے کے بعد معاہدات پر فوری عملدرآمد شروع ہو گیا ہے اور زرعی، صنعتی اور توانائی سمیت کئی شعبوں میں مشترکہ منصوبے جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آذربائیجان اپنی سرحدوں اور زمینوں کے تحفظ کا احترام کرتا ہے اور ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کے لیے اپنی حدود استعمال کرنے کی اجازت کبھی نہیں دے گا، اسرائیلی جارحیت کے بعد پھیلائی گئی تمام افواہیں بے بنیاد اور ناقابلِ قبول ہیں۔