ایران اور روس کے درمیان جوہری توانائی کے نئے معاہدے طے پانے کا امکان

اسلام247 : ایران اور روس میں جوہری توانائی کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے،ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی

ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے ماسکو کے دورے کے دوران کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان جوہری توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

اسلامی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے اس بیان کا حوالہ دیا جو انہوں نے 17 جنوری 2025 کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران دیا تھا، جس میں انہوں نے توانائی، خاص طور پر جوہری پاور پلانٹس کی تعمیر کو دونوں ممالک کے درمیان سب سے اہم شعبہ قرار دیا تھا۔

اسلامی کے مطابق بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے دوسرے اور تیسرے یونٹ کی تعمیر جاری ہے اور دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت نے اس منصوبے کی رفتار کو تیز کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے 20,000 میگاواٹ جوہری توسیعی منصوبے میں روس کا نمایاں کردار ہے اور اس حوالے سے پہلے سے ہی معاہدے طے پا چکے ہیں۔

اسلامی نے امید ظاہر کی کہ ماسکو کا یہ دورہ ایران اور روس کے تعلقات میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top