اسلام247 : شام میں عبوری پارلیمان کے انتخابات 5 اکتوبر کو ہوں گے
الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ شام میں عبوری پارلیمان کے انتخابات آئندہ ماہ 5 اکتوبر کو شروع ہوں گے۔ یہ عمل رواں سال کے اوائل میں منظور شدہ آئینی اعلامیے کے تحت کیا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، شام کی عوامی اسمبلی کو گزشتہ دسمبر میں اسلام پسند حکام نے تحلیل کر دیا تھا، جنہوں نے طویل عرصے سے برسرِاقتدار رہنے والے بشار الاسد کو معزول کرکے اقتدار سنبھالا تھا۔
نئی قانون ساز اسمبلی 5 سالہ عبوری مدت کے لیے کام کرے گی، جس کے 210 ارکان میں سے 140 کو انتخابی کمیشن کی نگرانی میں قائم مقامی کمیٹیاں نامزد کریں گی جبکہ 70 ارکان کو براہِ راست عبوری صدر احمد الشرع نامزد کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یہ عمل ملک کے مختلف صوبوں میں ہوگا، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا تمام صوبے اس میں شریک ہوں گے یا نہیں۔ اگست کے آخر میں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ السویدہ (دروز اکثریتی صوبہ) اور کردوں کے زیرِ کنٹرول رقہ اور حسکہ کے علاقوں میں یہ عمل سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کے باعث مؤخر کیا جائے گا۔
یہ نظام اپوزیشن اور سول سوسائٹی کی جانب سے شدید تنقید کی زد میں ہے، جن کا کہنا ہے کہ اختیارات صدر کے ہاتھوں میں مرکوز ہیں اور نسلی و مذہبی اقلیتوں کی نمائندگی ناکافی ہے۔
یاد رہے کہ آئینی اعلامیے کے مطابق عبوری پارلیمان کو 30 ماہ کے لیے قابلِ تجدید مینڈیٹ حاصل ہوگا۔