اسلام247 : ٹرمپ — روس کی کشیدگی بڑھنے پر پولینڈ اور بالٹک ریاستوں کے دفاع کا اعلان
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کی صورت میں پولینڈ اور بالٹک ریاستوں کا دفاع کریں گے۔ یہ بیان ماسکو کی جانب سے ایسٹونیا کی فضائی حدود میں مبینہ دراندازی کے بعد سامنے آیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صحافیوں نے صدر ٹرمپ سے پوچھا کہ اگر روس دشمنی میں اضافہ کرے تو کیا وہ یورپی یونین کے رکن ممالک کا دفاع کریں گے؟ اس پر ٹرمپ نے جواب دیا:
> “ہاں، میں کروں گا۔ میں کروں گا۔”
ایسٹونیا نے جمعہ کو ہونے والی دراندازی کے بعد پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روس کے تین اہم آئی جی-31 جنگی طیاروں نے خلیج فن لینڈ کے اوپر ایسٹونیا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ یورپی یونین اور نیٹو نے اسے “ایک خطرناک نئی اشتعال انگیزی” قرار دیا، تاہم ماسکو نے اس الزام کی تردید کی۔
نیٹو کے فضائی دفاعی مشن کے تحت تعینات اطالوی ایف-35 طیاروں نے سویڈن اور فن لینڈ کے طیاروں کے ساتھ مل کر روسی طیاروں کو روکنے کے لیے پرواز کی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں ایسٹونیا کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ہے اور وہ اس صورتحال کو پسند نہیں کرتے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب تقریباً دو ہفتے قبل روس کے 17 ڈرونز نے پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔ اس وقت ٹرمپ نے اس خلاف ورزی کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا تھا کہ “یہ ایک غلطی ہو سکتی ہے۔”