اسلام247 : پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کا عالمی یومِ امن پر پیغام — انصاف و مساوات ہی حقیقی امن ہے
عالمی یومِ امن پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن صرف جنگ نہ ہونے کا نہیں بلکہ انصاف اور مساوات کے فروغ کا دن ہے۔ پاکستان عالمی اور علاقائی امن میں ہمیشہ سے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کے دنیا کی متحارب قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات ہیں اور عالمی برادری پاکستان کو مسائل کے حل میں ایک قابلِ اعتماد شریکِ کار تسلیم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن اور انصاف کے لیے آواز بلند کی ہے، اور ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے عالمی امن کے فروغ میں جرات مندانہ کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات طویل اور نمایاں ہیں، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ آفات اور تنازعات کے متاثرین کی مدد کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو برداشت، رواداری اور مکالمے کی اقدار اپنانا ہوں گی، جبکہ دنیا کو ہتھیاروں کے بجائے مکالمے اور تعاون کو ترجیح دینا چاہیے۔ پاکستان ایک پرامن، انصاف پر مبنی اور پائیدار دنیا کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔