پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب میں شاندار استقبال، محمد بن سلمان سے ملاقات

اسلام247 : پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب پہنچنے پر شاہانہ استقبال

محمد بن سلمان کی دعوت پر پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف مملکتِ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر اسلام آباد سے ریاض پہنچے، جہاں سعودی ایف15 لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

ریاض پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبد الرحمن بن عبد العزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیرِاعظم کی ریاض آمد پر پورے شہر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے۔

اس موقع پر وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی اور سعودی عرب کی افواج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کے وزیراعظم اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب روانہ، محمد بن سلمان سے ملاقات آج ہوگی

وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی شاہی دیوان قصر یمامہ پہنچے، جہاں شاہی پروٹوکول کے ساتھ گھڑ سواروں نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کو سعودی مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان باضابطہ ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی شریک تھے۔

Scroll to Top