اسلام247 : انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے میسیج چیٹنگ میں ایک دلچسپ فیچر پر آزمائش شروع کردی گئی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق، آزمائشی فیچر کے تحت گروپ چیٹس میں میسیجز کے ریپلائیز اب تھریڈ کی صورت میں نظر آنے لگیں گے۔
اس وقت واٹس ایپ پر کسی بھی میسج کا جواب دیتے وقت ہر ریپلائی الگ الگ ہوتا ہے، اور اگر کوئی صارف گروپ میں کسی ایک میسج پر جواب دیتا ہے تو سب ریپلائیز منتشر انداز میں نظر آتے ہیں۔ تاہم، نئے فیچر میں ایسا نہیں ہوگا اور تمام جوابات ایک ساتھ تھریڈ کی شکل میں دکھائی دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں :واٹس ایپ میں آواز کے ذریعے میٹا اے آئی سے بات کرنے کا فیچر متعارف
اس فیچر کے مطابق، اگر کسی گروپ میں کوئی صارف میسج بھیجتا ہے اور اس پر 10 افراد ریپلائی کرتے ہیں تو تمام جوابات اور اصل میسج ایک ساتھ تھریڈ کی صورت میں نظر آئیں گے۔ مزید یہ کہ کسی خاص ریپلائی پر دوسرا ریپلائی بھی اسی تھریڈ میں جمع ہوگا، اور تھریڈ پر کلک کرکے تمام گفتگو بآسانی دیکھی جاسکے گی۔
یہ فیچر خاص طور پر بڑے گروپ چیٹس میں مفید ثابت ہوگا، کیونکہ اس سے بحث و مباحثہ زیادہ منظم ہو جائے گا اور نئے شامل ہونے والے صارفین کے لیے گفتگو کو سمجھنا آسان ہوگا۔ فی الحال اس فیچر کو محدود صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے، تاہم جلد ہی مزید صارفین کو اس تک رسائی ملنے کے بعد عام استعمال کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔